کراچی:  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی اور متعدد رہنمائوں نے ہسپتال سے اپنا کورونا ٹیسٹ کرایا۔ پی ٹی آئی سندھ سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں نے اپنا کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کی رپورٹ آنے کے بعد کیا تھا۔اس ضمن میں پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بہت سے رہنمائوں کی ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد ہم سب نے اپنا اپنا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا۔نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی کے متعدد رہنمائوں نے اپنا کورونا ٹیسٹ انڈس ہسپتال سے کروایا۔جمال صدیقی اور راجہ اطہرنے بھی فوری طور پر اپنا کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پرازخود بتایا تھا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔گورنر سندھ نے اپنے پیغام میں دعا کی تھی کہ اللہ تعالیٰ انہیں وبائی مرض سے نمٹنے کی ہمت و طاقت عطا کرے۔گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہمیں مشکل حالات میں لڑنا سکھایا ہے۔