کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف بھی وہی غداری کررہے ہیں جو بانی متحدہ نے کی ہے۔گورنر سندھ عمران اسماعیل پیر کو سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ سے ان کے صاحبزادے کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ تحریک چلانے کے خواہش مند وطن واپس آکر مقدمات کا سامنا کریں، نواز شریف لندن سے تقاریر کر رہے ہیں کسی میں حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا دم ہے تو وہ پہلے پاکستان آئیں۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے حواری گفتگو فرماتے ہیں کہ یہ جمہوریت نہیں کہ کسی کو غدار قرار دیا جائے، ہم پوچھتے ہیں پھر آپ بتادیں کہ غدار کون ہوتا ہے؟ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ میر جعفر اور میر صادق نے بھی غداری کی تھی، نواز شریف بھی وہی غداری کررہے ہیں جو بانی متحدہ نے کی ان دونوں میں کوئی فرق نہیں۔نواز شریف لندن میں بیٹھ کر جو کچھ کر رہے ہیں وہ دشمنوں کی ایما پر کر رہے ہیں، وہ وہاں بیٹھ کر ہرصورت اپنی جائیداد بچانا چاہتے ہیں، دریں اثنا گورنر سابق وزیراعلیٰ سندھ و پیپلز پارٹی کے رہنما سید قائم علی شاہ کے گھر گئے اور ان سے ان کے صاحبزادے کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی گورنرسندھ نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کیلیے صبر جمیل کی دعا بھی کی، گورنر سندھ نے وزیراعظم پاکستان کی طرف سے بھی تعزیتی پیغام سید قائم علی شاہ کو دیا۔