کراچی: شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر عادل خان کی نماز جنازہ جامعہ فاروقیہ میں ادا کر دی گئی ہے۔گزشتہ روز کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں شہید کئے گئے شیخ الحدیث مولانا عادل خان کی نماز جنازہ جامعیہ فاروقیہ حب ریور روڈ پر ادا کردی گئی ہے۔ مولاناعادل خان کی نمازجنازہ ان کے بڑے بھائی مولانا عبیداللہ خالد نے پڑھائی۔نماز جنازہ میں جید عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی، مفتی محمد رفیع عثمانی، مولانا حنیف جالندھری، سینیٹر عبدالغفور حیدری، مولانا راشد سومرو، مہتمم جامعہ بنوریہ مفتی نعمان اور حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد کے علاوہ طلبہ اور عقیدت مندوں سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔