لاہور: ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے وزیراعظم عمران خان کے حکم پر شہباز شریف کے واش رومز میں کیمرے لگائے گئے۔مریم اورنگزیب نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اے پی سی فیصلوں کو کمزور کرنے کیلئے عمران خان کے حکم پر شہبازشریف کو گرفتار کیا گیا، شہبازشریف نیب کے تمام سوالوں کے جواب جمع کرا چکے ہیں، انہیں تب گرفتار کیاگیا جب ٹرائل شروع ہوا، شہبازشریف کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ بھیس بدل بدل کر شہزاد اکبر نیب میں آتے ہیں، شہبازشریف کے کمرے اور واش روم میں شہزاد اکبر کے ذریعے کیمرے لگوائے گئے، ان کے کمرے میں دوربین سے دیکھا جاتا ہے، ان کی ویڈیو عمران خان کو دکھائی جاتی ہے۔ترجمان مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ شہزاداکبر نے چیرمین نیب کو حکم دیا کہ شہباز شریف کو زمین پر کھانا دیا جائے اور نماز کے لیے کرسی نہ دی جائے، یہ سب عمران خان کے حکم پر ہورہا ہے، پرسوں نیب کسٹڈی میں شہباز شریف کے واش روم میں ایسی چیزیں لگائی گئیں جس سے وہ زخمی ہوگئے، نواز شریف بھی نیب کسٹڈی میں بیمار ہوئے تھے۔