کراچی: مرکزی امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ دینی مدارس امت کے محسن ادارے ہیں  اور ہم مدارس کے محافظ و امین ہیں۔جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ کے زیر اہتمام اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب ’’ایک شام مولانا فضل الرحمان کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام علوم نبوت کا پرچار کرنے والے مدارس کے تحفظ ، بقاء اور سلامتی کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی۔ عالمی قوتوں کو مدارس کا وجود برداشت نہیں، خیر خواہانہ انداز میں  ہمیں دین کی رہنمائی سے بے نیاز کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ مدارس کا قیام کا مقصد دینی تشخص اور تعلیمات کی ترویج اشاعت ہے،جس وقت انگریز کی حکومت تھی اس نے دینی مدرسہ اور مولوی کے حوالے سے غلط تاثر قائم کیا اور مدارس کے طلبہ کو بے وقعت کرنے کی کوشش کی لیکن اکابرین نے اس سلسلے کو بغیر خوف وخطر کو چلایا۔