اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے احتجاج، جلسوں سے یہ حکومت کہیں نہیں جائے گی اور ان کی 31 جنوری کی ڈیڈ لائن کا بھی وہی حال ہو گا جو 31 دسمبر کا ہوا۔وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو عوام کا اعتماد حاصل ہے وہ پی ڈی ایم کے کہنے پر کیوں مستعفی ہوں گے، میں پی ڈی ایم کو آج کہہ ریا ہوں کہ وزیراعظم عمران خان 31 جنوری کو مستعفی نہیں ہوں گے وہ 31 جنوری کا انتظار کیوں کرتے ہیں انہیں جو فیصلہ کرنا ہے ابھی کرلیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے احتجاج، جلسوں سے یہ حکومت کہیں نہیں جائے گی اور ان کی 31 جنوری کی ڈیڈ لائن کا بھی وہی حال ہو گا جو 31 دسمبر کا ہوا، اپوزیشن نے حکومت کو دباؤ میں لانے کیلئے جو بیانیہ تشکیل دیا تھا وہ دم توڑ چکا ہے، پی ڈی ایم، کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالنے جا رہی ہے، سوچنے کی بات یہ ہے کہ انہیں اس کی ضرورت کیوں پیش آئی، دراصل اپوزیشن عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔